جمعہ 27 فروری 2026 - 17:40
اشعار/ رمضان آ گیا ہے رمضان آ گیا ہے

حوزہ/رمضان المبارک کی فضیلت پر شاعر محترم جناب علی عباس حسینی کا کلام قارئین کی خدمت میں پیش کیا جاتا ہے۔

از قلم: علی عباس حسینی

حوزہ نیوز ایجنسی|

کلیاں چٹک رہی ہیں خوشبو سی اٹھ رہی ہے

با صد وقار ، ماہ ذیشان آ گیا ہے

رمضان آ گیا ہے رمضان آ گیا

افطار ہو کہ سحری کیوں فکرمند ہوں ہم

خود میزبان بن کر مہمان آ گیا ہے

رمضان آ گیا ہے رمضان آ گیا ہے

ہجرت کے دوسرے سن،‌ شعباں کی دوسری کو

خالق کا دوسرا یہ فرمان آ گیا ہے

رمضان آ گیا ہے رمضان آ گیا ہے

خیرالبشر نبی کا زندہ جو معجزہ ہے

فرقان وہ مکمل‌ قرآن آ گیا ہے

رمضان آ گیا ہے رمضان آ گیا ہے

ہر سانس پہ جزا ہے ہر گام ہے عبادت

سرشار ہو کے ماہ فیضان آ گیا ہے

رمضان آ گیا ہے رمضان آ گیا ہے

اللہ کی رضا ہے ہر دم قدم قدم پر

لگتا ہے جیسے خود ہی رحمن آ‌گیا ہے

رمضان آ گیا ہے رمضان آ گیا ہے

روزہ نماز کی ہے اب بات ہر زباں پر

مردہ دلوں میں پھر سے ایمان آ گیا ہے

رمضان آ گیا ہے رمضان آ گیا ہے

سچ ہے کہ یہ مہینہ خود ہی ہے روح افزا

ہمدرد بن کے اپنا درمان آ گیا ہے

رمضان آ گیا ہے رمضان آ گیا ہے

روز حساب تو ہے روز قیام لیکن

شبہائے قدر بن کر میزان آ گیا ہے

رمضان آ گیا ہے رمضان آ گیا ہے

اک اور بھی خوشی ہے اس ماہ پندرہ کو

جنت کے جوانوں کا سلطان آ گیا ہے

رمضان آ گیا ہے رمضان آ گیا ہے

تا زندگی خسارہ ہے بس اسی کا حصہ

رمضان بعد جسکو نقصان آ گیا ہے

رمضان آ گیا ہے رمضان آ گیا ہے

رمضان کے وسیلے مالک معاف کردے

بخشش کی بھیک لینے فرقان آ گیا ہے

رمضان آ گیا ہے رمضان آ گیا ہے

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha